طاہر انجم پر تشدد کا ڈراپ سین، ذاتی مفاد کیلئے دونوں نے ڈرامہ رچایا
07-26-2024
(لاہور نیوز) پنجاب اسمبلی کے سامنے ن لیگ کلچرل ونگ کے صدر طاہر انجم پر تشدد کا ڈراپ سین ہو گیا۔
پی ٹی آئی کارکن انیلہ ریاض اور لیگی کارکن طاہر انجم نے ذاتی مفاد کے لئے ڈرامہ رچایا، پولیس کے مطابق دوران تفتیش انیلہ ریاض اور طاہر انجم کے موبائل فون پر رابطے ثابت ہو گئے۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ کلوزسرکٹ فوٹیجز میں انیلہ ریاض کو طاہر انجم کے گھر آتا دیکھا گیا، دونوں نے وقوعہ سے پہلے مل کر منصوبہ بنایا، انیلہ ریاض طاہر انجم کے گھر سے رکشہ پر بیٹھ کر پنجاب اسمبلی آئی۔ ذرائع کے مطابق انیلہ ریاض اور طاہر انجم کے موبائل رابطوں اور کلوزسرکٹ فوٹیج کا ریکارڈ پولیس کے پاس موجود ہے، انیلہ ریاض پی ٹی آئی کی مخصوص نشست کی خواہش مند تھی۔ پولیس ذرائع کے مطابق طاہر انجم مسلم لیگ ن میں اپنا گراف بہتر بنانا چاہتے تھے، طاہر انجم نے مقدمہ درج ہونے سے پہلے انیلہ ریاض کو معاف کرنے کا بیان بھی لکھ کر دیا۔