سیاست کو کھیلوں سے دور رکھیں: شعیب ملک کا بھارتی ٹیم کو پیغام

07-26-2024

(ویب ڈیسک) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک نے چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے بھارتی کرکٹ ٹیم سے پاکستان کا دورہ کرنے کی پرزور درخواست کر دی۔

حال ہی میں سابق کپتان شعیب ملک نے نجی میڈیا گروپ کے یوٹیوب چینل سے گفتگو کی، جہاں انہوں نے اپنے کیریئر، مستقبل کے منصوبوں اور ٹیم میں کپتانی کے معاملے پر کھل کر بات چیت کی اور اپنے خیالات کا اظہار بھی کیا۔ خیال رہے کہ چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے بھارتی کرکٹ بورڈ بھارتی ٹیم کے پاکستان آنے کے راستے میں روڑے اٹکا رہی ہے۔ دوران پروگرام جب میزبان نے اسی حوالے سے سابق کپتان سے سوال کیا تو انہوں نے بھارتی ٹیم پر کھیل اور سیاست کو دور رکھنے اور پاکستان کا دورہ کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم نے ورلڈ کپ 2023 کے لیے بھارت کا دورہ کیا تھا، اب وقت آگیا ہے کہ بھارت بھی پاکستان کا دورہ کرے۔ شعیب ملک نے زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان جو بھی تحفظات ہیں وہ اپنی جگہ لیکن کھیل کے درمیان سیاست نہیں آنی چاہیے، سیاست کو کھیلوں سے دور رکھیں اور پاکستان کا دورہ کریں ہم اچھے لوگ ہیں، بہت مہمان نواز ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ پاکستانی ٹیم گزشتہ سال بھارت گئی تھی اوراب بھارتی ٹیم کی باری ہے، یہ ان کے لیے اچھا موقع ہے، ان کی ٹیم میں بہت سے کھلاڑی ایسے ہیں جو پاکستان کبھی نہیں آئے، یہاں کبھی نہیں کھیلا، اس لیے مجھے یقین ہے کہ یہ ان کے لیے بہت اچھا ہوگا، ٹیم کو ضرور آنا چاہیے۔