پابندی کے باوجود غیر نصابی ڈیوٹیاں لگانے پر اساتذہ کا احتجاج

07-26-2024

(ویب ڈیسک) غیرنصابی سرگرمیوں پر پابندی کے باوجود 274 سرکاری سکولوں کے اساتذہ کی ڈیوٹیاں سوشل اکنامک سروے پرلگا دی گئیں، اساتذہ سراپا احتجاج ، ڈیوٹیاں فوری منسوخ کرنے کا مطالبہ کردیا ۔

تفصیلات کےمطابق غیرنصابی سرگرمیوں پر پابندی کے باوجود 274 سرکاری سکولوں کے اساتذہ کی ڈیوٹیاں سوشل اکنامک سروے پرلگا دی گئی ہیں،لاہور کی 274 یونین کونسلز میں ایک ، ایک ٹیچر سروے مکمل کرے گا۔ سروے میں اساتذہ غریب اور متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد کا تعین کریں گے، اساتذہ یونین کونسل میں سروے کرکے ڈیٹا انٹری بھی کریں گے، اساتذہ نے سوشل اکنامک سروے پر ڈیوٹیاں لگائے جانے کی مذمت کی ہے۔ اساتذہ کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ فی الفور ڈیوٹیاں ختم کرے،ڈیوٹیاں منسوخ نہ کی گئیں تو بھرپور احتجاج کریں گے۔