عدلیہ پی ٹی آئی کی نہیں اپنی بقاء کی جنگ لڑ رہی ہے: فواد چودھری

07-25-2024

(لاہور نیوز) سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا کہ اب سیاسی منظر نامہ تبدیل ہو چکا ہے، عدلیہ پی ٹی آئی کی نہیں بلکہ اپنی بقاء کی جنگ لڑ رہی ہیں۔

فواد چودھری نے ’دنیا نیوز‘ کے ساتھ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عدلیہ کو یہ لگا کہ حکومت اور اسٹیبلشمنٹ پولیس اور نیب کی طرح ہمیں بھی اپنے ماتحت کرنا چاہتی ہے۔ فواد چودھری نے کہا کہ اللہ کرے کہ عظمیٰ بخاری کے خلاف کمپین چلانے والے پکڑے جائیں، اعظم نذیر تارڑ، آصف زرداری اور نواز شریف تاریخ کی غلط سمت پر کھڑے ہیں، آصف زرداری اور نواز شریف کو سوچنا ہو گا کہ کیا وہ مارشل لاء نافذ کرنے والے طالع آزما کی صف میں کھڑا ہونا چاہتے ہیں؟ سابق وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ سپریم کورٹ میں ججز کی تعداد 13 ہونی چاہئے، 17 کی تعداد بھی ایک جج صاحب کے شوق کی وجہ سے ہوئی، سپریم کورٹ میں 56 ہزار کیسز جانا ہمارے نظام انصاف کی ناکامی ہے، ہماری سیشن کورٹس اور دیگر ماتحت عدالتوں کو مضبوط ہونا چاہئے۔