بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ، طلب بڑھنے سے سسٹم میں خامیاں آنے لگیں

07-25-2024

(لاہور نیوز) شدید گرمی اور جان لیوا حبس میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے، بجلی کی طلب بڑھنے سے سسٹم پر لوڈ بڑھا تو خامیاں بھی سامنے آنے لگیں۔

شدید گرمی میں لیسکو کا ترسیلی نظام بری طرح متاثر ہے، شہر میں تکنیکی خرابیوں اور ٹرانسفارمر جلنے کی شکایات کی بھرمار ہے، ٹرانسفارمر جلنے اور دیگر تکنیکی خرابیوں کے باعث متعدد علاقوں میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ لیسکو کی جانب سے کیٹیگری تھری پر 3، فور پر 4 اور فائیو پر 5 گھنٹے لوڈشیڈنگ کا شیڈول جاری کیا گیا، شیڈول کے برعکس گنجان آباد، دیہی اور سرحدی علاقوں میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے، بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے شہری پریشان ہیں۔ ذرائع کے مطابق لیسکو کو سٹاف کی شدید کمی کا سامنا ہے جس کے باعث انفرادی شکایات کا ازالہ اور ٹرانسفارمرز کی جلد تبدیلی ممکن نہیں۔