چیمپئنز ٹرافی میں بھارتی ٹیم کے دورہ پاکستان کیلئے پی سی بی سے رابطہ ہے: رانا مشہود

07-25-2024

(ویب ڈیسک) چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام رانا مشہود کا کہنا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی میں بھارتی ٹیم کے دورہ پاکستان کے لیے حکومت اور پی سی بی رابطے میں ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) 19 فروری سے 19 مارچ 2025  تک آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کر رہا ہے۔ ایونٹ میں بھارتی ٹیم کا پاکستان آنا اس وقت پاکستان اور بھارت کے میڈیا میں موضوع بحث بنا ہوا ہے۔ بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ بھارتی ٹیم پاکستان نہیں جائے گی، جبکہ پاکستانی میڈیا نے ایسی خبروں کو پروپیگنڈا قرار دیا ہے۔ اس حوالے سے پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود کا کہنا ہے کہ بھارتی ٹیم کے دورے کے بارے میں حکومت اور پی سی بی کے درمیان بات چیت جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت سمیت دنیا کی تمام ٹیموں کو چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان آنا چاہیے، البتہ ان کا کہنا تھا کہ چئیرمین پی سی بی سید محسن نقوی اس حوالے سے زیادہ بہتر بتا سکتے ہیں۔