کے ٹو سرکرنے کے دوران بیمار ہونے والے غیر ملکی کوہ پیماؤں کو ریسکیو کرلیا گیا
07-24-2024
(لاہورنیوز)پاکستان آرمی نے دنیا کی دوسری سب سے بڑی چوٹی کے ٹو سر کرنے کی کوشش کے دوران خراب موسم کے باعث بیمار ہونے والے ہالینڈ، سنگاپور اور ایکواڈور سے تعلق رکھنے والے غیر ملکی کوہ پیماؤں کو ریسکیو کرلیا۔
ذرائع کے مطابق کوہ پیماؤں کو مہم جوئی کے دوران صحت کی خرابی کے باعث ریسکیو کیا گیا، کوہ پیماؤں نے پاک آرمی کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے بروقت ریسکیو کر کے ان کی جان بچائی۔کوہ پیماؤں نے پاک فوج کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بتایا کہ موسم کی خرابی کے باعث کے ٹو سر کرنے کے دوران طبیعت ناساز ہوگئی تھی، پاک فوج کے اہلکاروں کی بروقت کارروائی سے طبی امداد فراہم کی گئی اور ریسکیو کیا گیا، بروقت کارروائی پر ہم پاک فوج کے مشکور ہیں۔ یاد رہے کہ 10 جولائی کو دنیا کی 12ویں بلند ترین چوٹی براڈ پیک کو سر کرنے کی کوشش کے دوران طبیعت خراب ہونے پر پاکستانی کوہ پیما سلمہ مسعود اور ڈچ کوہ پیما ریمرہینس رچرڈ کو ریسکیو کرنے کے لیے گلگت بلتستان میں پاک فوج نے خصوصی آپریشن کیا تھا اور دونوں کوہ پیماؤں کو بحفاظت بذریعہ آرمی ہیلی کاپٹر سکردو منتقل کر دیا گیا تھا۔