خلیل الرحمان قمر کے اغوا کا ماسٹرمائنڈ گرفت میں نہ آسکا

07-24-2024

(ویب ڈیسک) ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمر کے اغوا کا ماسٹرمائنڈ گرفتار نہ ہو سکا ، ملزم حسن شاہ نے بلیک میلنگ کے لئےمرد اور خواتین کا گروہ بنا رکھا تھا۔

تفصیلات کے مطابق ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمر کے ہنی ٹریپ کے معاملے پر نیٹ ورک کا ماسٹرمائنڈ حسن شاہ پولیس کی گرفت میں نہ آسکا،پولیس نے بتایا کہ ملزم حسن شاہ نے بلیک میلنگ کے لئے مرد و خواتین کا گروہ بنا رکھا تھا، حسن شاہ بلیک میلنگ کے ذریعے کروڑوں روپے کما چکا ہے۔ حکام کا کہنا تھا کہ ملزمہ آمنہ عروج سمیت 9 گرفتار ملزمان حسن شاہ کے لئے کام کرتے ہیں تاہم مرکزی ملزم کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں، ملزم کو جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔ قبل ازیں ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمر کو جھانسہ دینے والی ملزمہ آمنہ عروج کا بیان سامنے آیا تھا، جس میں ملزمہ نے بتایا کہ  ڈرامہ نگار  سے10  سے 15 دن تک بات ہوئی، فون کے ذریعے ان سے چیٹ ہوئی اور تصاویر کا تبادلہ ہوا، انہوں نے ملنے کا کہا، تب میں نے گھر بلا لیا۔ یاد رہے ڈرامہ نگار  کو اغوا کرنے والی خاتون کو گینگ سمیت گرفتار کیا گیا تھا ، ڈی آئی جی عمران کشور کا کہنا تھا کہ خلیل الرحمن قمر کا موبائل ڈیٹا ریکور کرنے کے بعد ملزمہ آمنہ عروج کو گرفتار کرکے اس کے ذریعے باقی ملزموں تک پہنچے۔ بلیک میلرگروہ میں دو خواتین بھی شامل ہیں، ملزمہ گوجرانوالہ کی رہائشی اورہائی پروفائل افراد کو جھانسہ دے کر رقوم بٹورتی ہے۔