فائرنگ اور تشدد سے بچے سمیت 2 افراد جاں بحق، 2 شدید زخمی

07-24-2024

(لاہور نیوز) فائرنگ اور دیگر واقعات میں بچے سمیت 2 افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا جبکہ دو شدید زخمی ہو گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق شجاع آباد کے علاقے میں جامن توڑنے پر زمیندار نے بچے کو مبینہ طور پر بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنا ڈالا جس کے نتیجے میں وہ جاں بحق ہو گیا جبکہ ملزم موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا، پولیس نے متاثرہ خاندان کی شکایت پر مقدمہ درج کر لیا۔ دوسری جانب خانیوال کے علاقے کبیروالا میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے ایک شخص کی جان لے لی، مقتول کی شناخت 40 سالہ محمد رفیق کے نام سے ہوئی، پولیس نے لاش قبضے میں لے کر ضروری کارروائی کیلئے ہسپتال منتقل کر دی، تفتیش بھی شروع کر دی گئی۔ ادھر صوبائی دارالحکومت لاہور کے علاقے ہیئر میں سبزی والا پل کے قریب جھگڑے کے دوران گولیاں چل گئیں جس کے نتیجے میں 2 افراد شدید زخمی ہو گئے جنہیں طبی امداد کیلئے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا، پولیس نے مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا۔