ملک کے بیشتر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان

07-23-2024

(ویب ڈیسک) آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب ، اسلام آباد، کشمیر، گلگت بلتستان، شمال مشرقی، جنوبی بلوچستان اور جنوب مشرقی سندھ میں آندھی، جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ رپورٹ کے مطابق شمال مشرقی پنجاب، کشمیر اور بالائی خیبرپختونخوا میں چند مقامات پر موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج رات اور 24 جولائی کے دوران موسلادھار بارش سے مری، گلیات، مانسہرہ، کوہستان، مالاکنڈ، سوات، کرم، نوشہرہ، صوابی  اور کشمیر کے مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔ بارشوں سے پنجاب اور خیبرپختونخوا کے نشیبی علاقے بھی زیر آب آنے کا اندیشہ ہے، پہاڑی علاقوں  مری، گلیات، کشمیر اور گلگت بلتستان میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ٹریفک کی آمدورفت متاثر ہونے کا خطرہ ہے۔