سیمنٹ کی فی بوری 35 روپے ٹیکس مانگا جا رہا ہے، چوہدری ساجد علی

07-23-2024

(لاہور نیوز) چیئرمین آل پاکستان سیمنٹ ڈسٹری بیوٹرز چوہدری ساجد علی کا کہنا ہے حکومت ناجائز ٹیکس لگا رہی ہے، سیمنٹ کی فی بوری 35 روپے ٹیکس مانگا جا رہا ہے۔

آل پاکستان سیمنٹ ڈسٹری بیوٹرز نے لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس کی، پریس کانفرنس میں پیٹرن ان چیف محمد منیر چوہدری، چیئرمین چوہدری ساجد علی، وائس چیئرمین طاہر حمید اور ایگزیکٹو ممبران نعمان احمد، عارف محمود خان، آصف سعید، شیخ عبد المجید، ملک سعید اور راؤ نوید اختر شریک ہوئے۔ چوہدری ساجد علی کا کہنا تھا کہ حکومت نے سیمنٹ انڈسٹری پر اضافی ٹیکس کا بوجھ ڈال دیا ہے، ریٹیلرز بھی اس بوجھ تلے دب گئے ہیں، سیمنٹ انڈسٹری بند ہونے سے لاکھوں افراد بیروزگار ہو گئے، سیمنٹ کی ایک بوری پر 8 سے 10 روپے کا مارجن ہے۔  چوہدری ساجد علی کا مزید کہنا تھا کہ سیمنٹ انڈسٹری کو ہڑتال پر گئے 11 روز ہو گئے، کسی حکومتی نمائندے نے ہم سے رابطہ نہیں کیا۔ عہدیداروں کا کہنا تھا کہ ہم حکومت کو ٹیکس دینا چاہتے ہیں، حکومت لینے کو تیار نہیں، حکومت ہمارے ساتھ مشاورت کرے اور ٹیکس وصولی کا طریقہ کار درست کرے۔