پی ڈی ایم اے کی میزبانی میں پنجاب میں موسمیاتی تبدیلیوں پر کانفرنس کا انعقاد

07-23-2024

(لاہور نیوز) تیز رفتاری سے رونما ہوتی موسمیاتی تبدیلیوں پر تمام متعلقہ اداروں نے سر جوڑ لئے۔

پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار پی ڈی ایم اے نے موسمیاتی تغیروتبدل اور سیلابی صورت حال سے نمٹنے کے لئے ملکی اور غیرملکی اداروں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کر دیا۔ ہمارا ملک اِس وقت شدید موسمیاتی تبدیلیوں کا سامنا کرنے والے ممالک میں آٹھویں نمبر پر ہے، اِس کے باوجود اگرچہ ابھی تک اِس معاملے پر مطلوب سنجیدگی تو دیکھنے میں نہیں آرہی لیکن پی ڈی ایم اے پنجاب نے اِس سلسلے میں ایک اچھا قدم اُٹھایا ہے۔ پی ڈی ایم اے کی میزبانی میں پنجاب میں پہلی بار موسمیاتی تبدیلیوں پر کانفرنس منعقد کی گئی جس میں ملکی اور غیرملکی این جی اوز نے بھی شرکت کی۔ کانفرنس کے دوران لاہور میں امریکی قونصل جنرل کرسٹن ہاکنز کا کہنا تھا کہ اُن کا ملک موسمیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لئے پاکستان کی بھرپور مدد کر رہا ہے۔ کانفرنس کے دوران قدرتی آفات سے بچاؤ اور خصوصاً سیلاب کے موسم سے پہلے اِس سے بچاؤ کی تجاویز پر سیرحاصل گفتگو ہوئی اور مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔ کانفرنس میں این ڈی ایم اے، پنجاب پولیس، محکمہ موسمیات، ریسکیو 1122 اور دیگر اداروں کے نمائندے بھی شریک ہوئے۔