پی سی بی نے بھارت کو دوطرفہ سیریز کھیلنے کی کوئی آفر نہیں کی: انڈین میڈیا
07-23-2024
(ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بھارت کو دوطرفہ سیریز کھیلنے کی کوئی پیشکش نہیں کی۔
بھارتی میڈیا نے انکشاف کیا ہے کہ سری لنکا میں جاری انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی سالانہ کانفرنس میں پاکستان اور بھارت کے درمیان دو طرفہ سیریز سے متعلق کوئی بات چیت نہیں ہوئی۔ پی ٹی آئی نے اپنی رپورٹس میں دعویٰ کیا ہے کہ پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ ہمارا پہلا ہدف آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کرنا ہے اور بھارت اپنی ٹیم پاکستان بھیجے گا یا نہیں جبکہ دوسرا ہدف چیمپئنز ٹرافی کیلئے بجٹ کی منظوری تھا۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ ہم میٹنگ میں اپنے دو بنیادی ایجنڈوں کے ساتھ آئے ہیں، اس لیے دوطرفہ سیریز کے منصوبے سے متعلق غور کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ قبل ازیں سال 2023 ایشیا کپ کیلئے بھی بھارت نے اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے سے انکار کردیا تھا بعدازاں ٹورنامنٹ کو ہائبرڈ ماڈل کے تحت کروایا گیا تھا، ایونٹ میں بھارت نے اپنے تمام میچز سری لنکا میں کھیلے تھے۔ دوسری جانب پاکستان کرکٹ ٹیم 2023 کے ون ڈے ورلڈکپ کیلئے بھارت کا دورہ کرچکی ہے جبکہ انڈین ٹیم آخری بار سال 2007 میں پاکستان آئی تھی جس کے بعد سے بھارتی ٹیم مختلف بہانے بناکر دورہ کرنے سے انکار کرتی رہی ہے۔ چیمپئنز ٹرافی 2025 کیلئے ممکنہ شیڈول بھی منظر عام پر آچکا ہے جبکہ میچز کی میزبانی اور گروپس کے حوالے سے بھی ٹورنامنٹ میں شریک 8 ٹیموں کو بھیج دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ سکیورٹی خدشات کے بھارت کے تمام میچز لاہور میں شیڈول رکھے گئے ہیں لیکن بھارتی بورڈ اور حکومت آئی سی سی ایونٹ میں ٹیم بھیجنے سے گریز کررہے ہیں۔