پی ٹی آئی پر کوئی پابندی نہیں لگا سکتا: اعجاز چودھری

07-23-2024

(لاہور نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اعجاز چودھری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی پر کوئی پابندی نہیں لگا سکتا۔

انسداد دہشت گردی عدالت پیشی کے موقع پر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے اعجاز چودھری کا کہنا تھا کہ رؤف حسن کو فوراً رہا کریں، چند ماہ پہلے وہ پی ٹی آئی کی سیاست میں فعال ہوئے، رؤف حسن سوشل میڈیا نہیں جنرل میڈیا کور کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آپ جمہوریت کی بات کرتے ہیں، کہاں ہے جمہوریت؟ اسلام آباد والا ڈرامہ ممبران پارلیمنٹ کو دبوچنے کے لیے ہوا،  میں گارنٹی سے کہہ سکتا ہوں پی ٹی آئی پر کوئی پابندی نہیں لگا سکتا، سیاسی جماعت عوام ہوتی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ آؤ دیکھ لو عوام کس کے ساتھ ہے، حکومت کہاں ہے یہ بتائیں، حکومت تو چند دنوں کی مہمان ہے، ن لیگ اور پیپلزپارٹی نے ملک کا جو حال کیا ہے وہ سب کے سامنے ہے۔  ہمارے خلاف انتقامی کارروائی کی جا رہی ہے:عمر سرفراز چیمہ سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے کہا کہ سانحہ نو مئی کی پہلے دن ہی مذمت کی تھی، حکمران اگر شریک جرم نہیں تو یہ جوڈیشل کمیشن بنانے سے کیوں بھاگ رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں قانون ایک ہی ہے مگر صوبوں میں اس کا عمل مختلف ہے،  سوا سال ہو گیا ہم انصاف کے منتظر ہیں، آج سوا سال بعد تفتیشی کاغذ بدل رہے ہیں، ہمیں بہانے سے جیل میں رکھا ہوا ہے۔ عمرسرفرازچیمہ نے مزید کہا کہ ہمیں ہائیکورٹ کے حکم کے خلاف ڈیتھ سیل میں رکھا ہوا ہے، ہمارے خلاف انتقامی کارروائی کی جا رہی ہے۔