بڑے شہروں کے چھوٹے تاجروں سے فکسڈ ٹیکس وصولی کا آغاز

07-23-2024

(لاہور نیوز) بڑے شہروں کے چھوٹے تاجروں سے فکسڈ ٹیکس وصولی کا آغاز کردیا گیا۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے چھوٹے دکانداروں کیلئے ماہانہ ٹیکس سکیم کا ایس آر او جاری کردیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق 42 شہروں کے چھوٹے دکانداروں سے ماہانہ 100 روپے سے 20 ہزار روپے تک ٹیکس وصول جائے گا،  ٹیکس کا تعین علاقے اور دکان کے سائز کے تحت کیا جائے گا۔ ایف بی آر کے نوٹیفکیشن  میں کہا گیا ہے کہ ٹیکس کا تعین دکانوں کی فیئر مارکیٹ ویلیو کے حساب سے کیا جائے گا، فیئر مارکیٹ ویلیو کا تعین ایف بی آر خود کرے گا،عارضی کھوکھوں کو ماہانہ ایڈوانس ٹیکس سے استثنیٰ دیا گیا ہے،  ایس آر او کا اطلاق یکم جولائی سے ہوگا۔ ایف بی آر  کا کہنا ہے کہ  ریٹیلرز سکیم ایبٹ آباد، اٹک، بہاولنگر، بہاولپور، چکوال میں بھی نافذالعمل ہو گی،  ڈیرہ اسماعیل خان، فیصل آباد، گھوٹکی، گجرات، گوادر میں بھی تاجروں کی رجسٹریشن ہوگی، حافظ آباد، ہری پور، حیدرآباد، اسلام آباد، جھنگ، جہلم اور  کراچی بھی فہرست میں شامل ہیں۔ اسی طرح قصور، خوشاب، لاہور، لاڑکانہ، لسبیلہ، لودھراں، منڈی بہاؤالدین میں تاجر دوست سکیم کا نفاذ کردیا گیا ہے، مانسہرہ، مردان، میرپورخاص، ملتان، ننکانہ، نارووال، پشاور میں بھی رجسٹریشن کی جارہی ہے، کوئٹہ، رحیم یار خان، راولپنڈی، ساہیوال، سرگودھا، شیخوپورہ، سیالکوٹ، سکھر اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی تاجر دوست سکیم نافذ کر دی گئی ہے۔