پنجاب بھر میں 25 جولائی تک بارشوں کا سپیل جاری رہنے کا امکان

07-23-2024

(لاہور نیوز) صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے لاہور سمیت پنجاب بھر میں 25 جولائی تک بارشوں کا سپیل جاری رہنے کا امکان ظاہر کردیا۔

ترجمان پی ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ  25جولائی تک لاہور سمیت پنجاب بھر میں مون سون بارشوں کا سپیل جاری رہے گا، صوبے کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کے امکانات ہیں، 23 سے 24 جولائی کے دوران جنوبی پنجاب کے بیشتر اضلاع میں آندھی اور تیز بارشیں متوقع ہیں۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کا کہنا ہے کہ بارشوں سے گرمی اور حبس کی شدت میں کمی ہو گی، بڑے شہروں کی انتظامیہ الرٹ رہے اور پیشگی انتظامات مکمل کیے جائیں، طوفان سے بجلی کے کھمبوں، سولر پلیٹوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے،  موسمی صورتحال کے پیش نظر متعلقہ انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا ہے۔ عرفان علی کاٹھیا کا مزید کہنا تھا کہ  وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق متعلقہ محکمے الرٹ رہیں، نشیبی علاقوں سے پانی کی نکاسی کو جلد ازجلد یقینی بنایا جائے، پی ڈی ایم اے کنٹرول روم 24 گھنٹے موسمی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے، عوام الناس سے التماس ہے حکومتی ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔