لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش، موسم خوشگوار

07-23-2024

(لاہور نیوز) لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں گرج چمک کے ساتھ کہیں ہلکی اور کہیں موسلادھار بارش ہوئی جس کے بعد گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔

صوبائی دارالحکومت لاہور میں علی الصبح بارش شروع ہوئی، ایبٹ روڈ، لکشمی چوک، شالیمار، گڑھی شاہو، مال روڈ، کینال روڈ، ہربنس پورہ، ساندہ، اسلامپورہ و گردو نواح میں بادل برسے، کلمہ چوک، فیروز پور روڈ، اچھرہ،  قرطبہ چوک،چونگی امرسدھو ، کاہنہ اور اطراف میں بھی بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔  بارش کے دوران لاہور کے کئی علاقوں میں بجلی کی سپلائی بھی متاثر ہوئی۔ لاہور کے علاوہ اسلام آباد، راولپنڈی، مری، جہلم، مریدکے، گوجرانوالہ، اٹک، وزیر آباد سمیت پنجاب کے متعدد شہروں میں بھی کہیں ہلکی   اور کہیں تیز بارش ہوئی جس سے موسم خوشگوار ہو گیا، شدید بارش کے بعد سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں۔ دوسری جانب این ڈی ایم اے نے بارش کی وجہ سے اگلے تین دن کے دوران پنجاب کے اضلاع نارووال اور سیالکوٹ میں ہائی لیول فلیش فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا ہے، جموں کے بالائی علاقوں میں بارشوں کے باعث نارووال اور سیالکوٹ کے ندی نالوں میں سیلاب آ سکتا ہے۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق نالہ ایک، ڈیک اور پلکھو میں شدید طغیانی سے ملحقہ علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے، فلیش فلڈنگ سے ذرائع آمدو رفت میں خلل، عمارتوں، فصلوں اور مویشیوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ این ڈی ایم اے کا مزید کہنا ہے کہ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز اور مقامی انتظامیہ کو چوکس رہنے کی ہدایت کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ خطرے سے دو چار آبادی کی حفاظت کیلئے مناسب اقدامات کئے جائیں۔