حالیہ مون سون کی بارشوں کے بعد شہر میں ڈینگی وائرس پھیلنے کا امکان

07-22-2024

(لاہور نیوز) حالیہ مون سون کی بارشوں کے بعد شہر میں ڈینگی وائرس پھیلنے کا امکان ہے۔

لاہور سمیت پنجاب بھر میں ڈینگی کیسز اور لاروا میں اضافہ جاری ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران 8 مقامات سے ڈینگی لاروا برآمد کیا گیا، شہر میں 20 ہزار سے زائد ڈینگی ہاٹ سپاٹ موجود ہیں۔ شہر میں ڈینگی لاروا کی افزائش میں خطرناک حد تک اضافہ جاری ہے، مختلف ہسپتالوں میں اس وقت ڈینگی کے 8 مریض زیر علاج ہیں، ڈینگی مریضوں کیلئے 1044 بیڈز مختص کئے گئے ہیں، تمام مریضوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ ادھر ڈینگی لاروا کو تلف کرنے کے حوالے سے اقدامات نہ ہونے کے برابر ہیں، مون سون سے پہلے ڈینگی سرویلنس اور لاروا کو تلف کیا جا رہا ہے، ڈینگی وائرس بڑھنے سے مریضوں میں پیچیدگیوں میں بھی اضافہ ہو گا۔  صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر خواجہ عمران نذیر کا کہنا ہے لاہور سمیت پنجاب بھر میں ڈینگی سرویلنس کو تیز کیا جا رہا ہے، لاہور سمیت پنجاب بھر کے سی ای او ہیلتھ کو الرٹ کر دیا گیا ہے، لاہور میں ڈینگی ہاٹ سپاٹ موجود ہیں جن پر مکمل فوکس کروایا جائے گا، شہریوں کو چاہئے کہ ڈینگی ایس او پیز پر عملدرآمد کریں اور نہ کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔