ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی لاہور میں مبینہ طور پر مالی بے ضابطگیوں کا انکشاف
07-22-2024
(لاہور نیوز) ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی لاہور میں 41 کروڑ 91 لاکھ روپے کی مبینہ مالی بے ضابطگیوں اور قومی خزانے کو نقصان پہنچانے کا انکشاف ہو گیا۔
آڈیٹر جنرل آف پاکستان نے 2021-22 کی رپورٹ پنجاب اسمبلی میں جمع کرا دی، رپورٹ کے مطابق سی ای او ایجوکیشن اتھارٹی لاہور نے فرنیچر کی مد میں بغیر ریکارڈ کے ایک کروڑ 28 لاکھ روپے کی ادائیگی کر دی، اساتذہ اور محکمہ تعلیم کے افسران کو 17 کروڑ 95 لاکھ روپے کی گئی زائد ادائیگی کی ریکوری نہ کی گئی۔ رپورٹ میں بتایا گیا مختلف ملازمین کو ناقابل منظور الاؤنسز کی مد میں 20 کروڑ 39 لاکھ روپے کی ادائیگی کی گئی، دو سپیشل تعلیمی اداروں میں قواعد وضوابط کے برعکس عارضی ملازمین کی بھرتی کر کے 40 لاکھ روپے کی ادائیگی کی گئی۔ رپورٹ میں مزید انکشاف کیا گیا ہے کہ ایجوکیشن اتھارٹی لاہور کی طرف سے دو سپیشل تعلیمی اداروں کو خلاف ضابطہ خرچہ کی مد میں 65 لاکھ روپے کی ادائیگی کی گئی، چار تعلیمی اداروں کو پیپرا رولز کے برعکس ایک کروڑ 39 لاکھ روپے کی ادائیگی کی گئی، پرائمری اور ایلیمنٹری سکولوں میں نان سیلری بجٹ میں سیلز ٹیکس اور انکم ٹیکس کی کٹوتی کے بغیر فنڈز کی ادئیگی سے قومی خزانے کو 11 لاکھ روپے کا نقصان پہنچایا گیا۔ آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی طرف سے تمام معاملات متعلقہ محکمہ کے ذمہ داران کے نوٹس میں لائے گئے مگر کوئی جواب نہ دیا گیا۔