ویمنز ایشیا کپ میں دو میچوں کا فیصلہ کل ہو گا

07-22-2024

(ویب ڈیسک) ایشیا کرکٹ کونسل (اے سی سی ) کے زیر اہتمام نویں ویمنز ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ 2024 میں مزید دو میچوں کا فیصلہ کل (منگل کو ) ہو گا۔

نویں ویمنز ایشیا کپ کے کانٹے دار مقابلوں کا سلسلہ سری لنکا میں جاری ہے، ٹورنامنٹ میں 23 جولائی کو کھیلے جانے والے پہلے میچ میں پاکستان کی خواتین ٹیم متحدہ عرب امارات کی خواتین ٹیم کے خلاف نبرد آزما ہو گی جبکہ دوسرا میچ میزبان بھارت کی خواتین ٹیم اور نیپال ویمن ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔ ٹورنامنٹ میں بھارتی ٹیم دفاعی چیمپئن ہے، بھارتی ویمنز ٹیم نے 2022 کے آٹھویں ویمنز ایشیا کپ کے فائنل میچ میں سری لنکن ویمنز ٹیم کو 8 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ ٹورنامنٹ میں 8 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لئے نبرد آزما ہوں گی جن میں میزبان سری لنکا، بنگلا دیش، دفاعی چیمپئن بھارت، پاکستان، تھائی لینڈ، ملائیشیا، نیپال اور یو اے ای کی ٹیمیں شامل ہیں، ٹورنامنٹ 28 جولائی کو اختتام پذیر ہو گا۔