اسلام آباد پولیس کا پی ٹی آئی سیکرٹریٹ پر چھاپہ، رؤف حسن گرفتار، تمام ریکارڈ ضبط

07-22-2024

(ویب ڈیسک) اسلام آباد پولیس نے سیکرٹری اطلاعات پی ٹی آئی رؤف حسن کو حراست میں لے لیا۔

قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سیکٹر جی ایٹ میں پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹریٹ پر چھاپہ مارا جہاں اسلام آباد پولیس نے سیکرٹری اطلاعات رؤف حسن کو حراست میں لے لیا۔ اس سے قبل اسلام آباد پولیس کی بھاری نفری پی ٹی آئی سیکرٹریٹ پہنچی ، بیرسٹرگوہر اور رؤف حسن اس وقت سیکرٹریٹ میں موجود تھے جبکہ ویمن پولیس بھی تحریک انصاف کے سیکرٹریٹ کے باہر موجود رہی۔   پی ٹی آئی سیکرٹریٹ میں موجود خواتین کارکنان کو بھی حراست میں لے لیا گیا جبکہ پی ٹی آئی ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ اسلام آباد پولیس نے سیکرٹریٹ کا ریکارڈ قبضے میں لے لیا ۔ اسلام آباد پولیس کی بیرسٹر گوہر کی گرفتاری کی تردید   اسلام آباد پولیس نے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کی گرفتاری کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ صرف پی ٹی آئی کے سیکرٹری اطلاعات رؤف حسن کو گرفتار کیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق بیرسٹر گوہر اور چار خواتین کو گرفتار نہیں کیا گیا نیز پی ٹی آئی سیکرٹریٹ سے پولیس لیپ ٹاپ اوردستاویزات ساتھ لے کر نہیں گئی۔