دی ہنڈرڈ میں نسیم شاہ کی عدم دستیابی پر افسوس ہے: معین علی

07-22-2024

(ویب ڈیسک) انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان معین علی نے کہا ہے کہ دی ہنڈرڈ ٹورنامنٹ میں نسیم شاہ کی عدم دستیابی پر افسوس ہے۔

معین علی نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ نسیم شاہ اچھا باؤلر ہے وہ ہماری ٹیم کی ٹاپ پک تھے، ہم نے اسے پک کیا تھا کہ وہ ہمارے لیے شاندار ثابت ہوتا، لیکن افسوس کی بات ہے کہ وہ نہیں ہے، اس طرح سے پوری ٹیم کا بیلنس خراب ہوجاتا ہے، میں محسوس کرتا ہوں کہ اگر کھلاڑی کی کوئی قومی مصروفیت نہ ہو تو اسے لیگز کھیلنے کی اجازت دینے میں کوئی حرج نہیں۔ انہوں نےکہا کہ اگلے سال پاکستان میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی میں وہ انگلینڈ کی ٹیم کا حصہ ہوں گے یا نہیں یہ ابھی کہنا قبل از وقت ہے لیکن انگلش ٹیم یہ ٹائٹل جیت سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چیمپئنز ٹرافی ایک مختلف فارمیٹ ہے، 50 اوورز کا ایک مختلف ایونٹ ہے، سلیکٹرزنوجوان کھلاڑیوں کا بھی انتخاب کرسکتے ہیں، اگر ہمیں منتخب کیا گیا تو ہم تیار ہوں گے لیکن اگر منتخب نہ ہوئے تب بھی ٹھیک ہے۔ معین علی کا کہنا تھا کہ ابھی کرکٹ کھیلنےکے لیے بہت وقت باقی ہے، میں اور عادل دونوں محسوس کرتے ہیں کہ اگر ہم نے ایک ،دو یا اگلی نسل کو متاثر کیا تو ہم نے اپنا کام کر دیا ہے، اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ ہم نے کتنے رنز بنائے یا کتنی وکٹیں لیں۔