برطانوی کمپنی کی پاکستان کی معاشی ترقی میں معاونت کی پیشکش

07-21-2024

(لاہورنیوز) برطانیہ کی کمپنی ”ڈلیوری ایسوسی ایٹس“ نے پاکستان کی معاشی ترقی میں معاونت کی پیشکش کی ہے۔

ڈلیوری ایسوسی ایٹس کے بانی اور چیئرمین سر مائیکل باربر نے اسلام آباد میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے ملاقات کی جس میں باہمی پائیدار اقتصادی ترقی پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے ایس آئی ایف سی کے تحت پاکستان کے ساتھ تعاون بڑھانے کا عہد کیا۔ سر مائیکل باربر نے وفاقی بجٹ 25-2024 اور حکومت کی طرف سے نافذ کردہ ٹیکسیشن اصلاحات کو سراہا۔ڈلیوری ایسوسی ایٹس کے بانی سر مائیکل باربر نے پاکستان کو درپیش چیلنجز کو تسلیم کرتے ہوئے ایس آئی ایف سی کی اقتصادی ترقی کیلئے ترجیحی شعبوں اور منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا۔کمپنی نے پاکستان کی حمایت جاری رکھنے اور اس کے ساتھ ساتھ مشترکہ کوششوں کو آگے بڑھانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔ ملاقات کے دوران وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ایس آئی ایف سی کے اہم ترجیحی شعبوں کا خاکہ پیش کیا جن میں ٹیکس اصلاحات، توانائی کے شعبے میں اصلاحات اور ریاستی ملکیتی اداروں کی تنظیم نو شامل ہے۔آئی ایم ایف پروگرام کے فریم ورک کے اندر ساختی اصلاحات پر زور دیتے ہوئے وفاقی وزیر نے برآمدات میں اضافہ، براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے اور نجکاری کی کوششوں پر روشنی ڈالی۔ وزیر خزانہ نے شفافیت کو یقینی بنانے اور ٹیکس کی بنیاد کو وسعت دینے کیلئے برآمدات میں اضافے اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی ڈیجیٹلائزیشن پر ایس آئی ایف سی کی کوششوں کو اجاگر کیا۔ملاقات کے دوران پاکستان کی معاشی ترقی کیلئے ملک میں اصلاحات لانے میں ایس آئی ایف سی کی کوششوں کو سراہا گیا، پاکستان کے بہتر مستقبل کیلئے بھرپور اعتماد کا بھی اظہار کیا گیا۔