فضا علی دوران پروگرام 'محبت کا وظیفہ' مانگنے والی لڑکی پر برہم

07-21-2024

(ویب ڈیسک) پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ و میزبان فضا علی پروگرام کے دوران محبت کا وظیفہ مانگنے والی لڑکی پر برہم ہو گئیں۔

حال ہی میں فضا علی کے مارننگ شو میں ایک فون کال موصول ہوئی جس میں لڑکی نے میزبان سے اپنی محبت کے بارے میں سوال کیا۔ پروگرام میں فون کرنے والی نوجوان لڑکی نے کہا کہ میری عُمر 18 سال ہے اور میں کالج میں بارہویں جماعت کی طالبِ علم ہوں۔ کال کرنے والی لڑکی کا کہنا تھا کہ مجھے ایک لڑکے سے محبت ہے لیکن وہ لڑکا مجھ میں کوئی دلچسپی نہیں رکھتا، وہ مجھ سے بات تک نہیں کرتا تو آپ شو میں موجود مذہبی سکالرز سے پوچھ کر مجھے اس مسئلے کا کوئی حل یا وظیفہ بتا دیں۔ سوال سُننے کے بعد فضا علی نے لڑکی سے کہا کہ آپ کال پر ہی موجود رہیں، پھر میزبان نے مارننگ شو میں موجود مذہبی سکالرز سے پوچھا  کہ آج کل ہمارے معاشرے میں کیا ہورہا ہے؟ ان کا حل کیا ہے؟ اس پر مذہبی سکالر نے کہا کہ بچوں کی تربیت میں والدین کا بہت بڑا کردار ہوتا ہے لیکن موجودہ دور میں والدین اپنے بچوں پر توجہ نہیں دے رہے جس کی وجہ سے بچے کم عمری میں ایسے کاموں کی طرف مشغول ہو رہے ہیں۔ مذہبی سکالر کی بات سننے کے بعد فضا علی نے کہا کہ اس لڑکی کو ایسا بیہودہ سوال کرتے ہوئے شرم آنی چاہیے، اس میں غیرت نام کی کوئی چیز ہی نہیں۔ فضا علی کا کہنا تھا کہ 18 سال کی لڑکی فون کرکے ہم سے محبت کا وظیفہ مانگ رہی ہے تاکہ لڑکا بھی اس سے محبت کرے، اس لڑکی میں شرم بالکل ختم ہوگئی ہے، اس لڑکی کے والدین کو شرم سے مرجانا چاہیے کیونکہ ان کی بیٹی تعلیم حاصل کرنے کی عمر میں عشق کے چکروں میں پڑی ہوئی ہے۔