شہر کے مختلف علاقوں میں بارش، گرمی کا زور ٹوٹ گیا

07-21-2024

(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور کے مختلف علاقوں میں بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔

لاہور کے مختلف علاقوں شملہ پہاڑی، ایبٹ روڈ، لکشمی چوک، مال روڈ، جیل روڈ اور ڈیوس روڈ پر بادل برس پڑے، غازی روڈ، چونگی امرسدھو ، والٹن ، قینچی اور اطراف میں بھی جل تھل ایک ہو گیا۔ چوبرجی، شادباغ، عامر ٹاؤن ، کوٹ لکھپت میں بھی بادل برسے، ماڈل ٹاؤن، فیصل ٹاؤن اور اطراف میں بھی بارش  ہوئی جبکہ کاہنہ، گجومتہ اور گردونواح میں بھی بارش سے موسم سہانا ہو گیا۔ شہر کے مختلف علاقوں میں ہونے والی بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا،  موسم میں خوشگوار تبدیلی کے باعث گرمی سے مرجھائے لاہوریوں کےچہرے کھل اٹھے۔ ایم ڈی واسا نے بارش کے پیش نظر  انتظامیہ کو الرٹ رہنے اور جلد ازجلد نکاسی آب کے انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔