توشہ خانہ نیا ریفرنس: عمران خان اور بشریٰ بی بی کا شامل تفتیش ہونے سے انکار

07-21-2024

(ویب ڈیسک) بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے توشہ خانہ کے نئے ریفرنس میں شامل تفتیش ہونے سے انکار کردیا۔

نیب ٹیم ڈپٹی ڈائریکٹر مستنصر امام شاہ کی سربراہی میں اڈیالہ جیل پہنچی۔ جیل ذرائع کے مطابق  نیب ٹیم کی اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی سے تفتیش کیلئے ساتویں روز آمد ہوئی مگر دونوں ملزمان وکلاء کی عدم موجودگی کے باعث آج شامل تفتیش نہ ہوئے۔ نیب ٹیم اڈیالہ جیل میں اڑھائی گھنٹے موجود رہی، عمران خان اور بشریٰ بی بی کی جانب سے وکلاء کی عدم موجودگی کے باعث شامل تفتیش ہونے سے انکار پر نیب ٹیم واپس چلی گئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب کسٹڈی میں ہونے کے باوجود ملزمان کا شامل تفتیش ہونے سے انکار سوالیہ نشان ہے۔ جیل ذرائع کے مطابق تفتیش مکمل نہ ہونے پر نیب کی جانب سے مزید ریمانڈ لیے جانے کا امکان ہے، تفتیش سے متعلق نیب کی جانب سے پیشرفت رپورٹ کل عدالت پیش کی جائے گی۔ واضح رہے کہ توشہ خانہ کے نئے ریفرنس میں سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی 8 روز کے جسمانی ریمانڈ پر ہیں۔