ذاتی طور پر سیاسی جماعتوں پر پابندی کو مناسب نہیں سمجھتا: گورنر پنجاب

07-21-2024

(لاہور نیوز) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ میں ذاتی طور پر سیاسی جماعتوں پر پابندی کو مناسب نہیں سمجھتا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کا کہنا تھا کہ  پاکستان تحریک انصاف پر پابندی کا فیصلہ ن لیگ کا اپنا تھا ہم سے اس بارے مشاورت نہیں ہوئی بعد میں ایک میٹنگ ضرور ہوئی تھی،پاکستان پیپلز پارٹی پی ٹی آئی پر پابندی کے حوالے سے پارٹی اجلاس میں مشورہ کرے گی۔ سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ پابندی کے معاملے کو پارٹی کے سی ای سی اجلاس میں لیجایا جائے گا، پی ٹی آئی پر پابندی کے حوالے سے فیصلہ پارٹی کے اعلی سطح کے اجلاس میں ہو گا۔ ان کا کہنا تھا کہ میں ذاتی طور پر سیاسی جماعتوں پر پابندی کو مناسب نہیں سمجھتا، پی ٹی آئی کو دو حصوں میں رکھ کر سوچیں ایک 9 مئی والے دوسرے محب وطن سیاستدان ہیں، 9 مئی میں ملوث افراد پر کیسز چلا کر اگر وہ ذمہ دار ہوں تو سزائیں دیں۔ گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی میں جو سیاستدان  9 مئی میں ملوث نہیں ان کے خلاف کارروائی مناسب نہیں۔