پاکستان بھارت کے ساتھ نیوٹرل وینیو پر سیریز کا خواہشمند

07-21-2024

(ویب ڈیسک) پاکستان بھارت کے ساتھ آئندہ سال نیوٹرل وینیو پر سیریز کا خواہاں ہے، چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کولمبو میں بی سی سی آئی چیف جے شاہ کو اس حوالے سے تجویز پیش کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق سیاسی کشیدگی کے سبب طویل عرصے سے پاکستان اور بھارت کی باہمی کرکٹ سیریز نہیں ہو سکی، بھارتی حکومت نے اپنے بورڈ کو اس حوالے سے ہدایات جاری کی ہوئی ہیں، صرف آئی سی سی یا اے سی سی ایونٹس کے دوران ہی روایتی حریفوں کا سامنا ہوتا ہے، ان دنوں چیمپئنز ٹرافی کیلئے آئندہ برس بھارتی ٹیم کے پاکستان آنے یا نہ آنے پر بحث چھڑی ہوئی ہے، پہلے بھارتی میڈیا نے اس حوالے سے مثبت اشارے دیے مگر گزشتہ کچھ عرصے سے پھر ٹیم کے سرحد پار نہ کرنے کی باتیں زوروں پر ہیں۔ ان دنوں سری لنکا کے شہر کولمبو میں آئی سی سی کی سالانہ کانفرنس جاری ہے، میٹنگ کے ایجنڈے میں چیمپئنز ٹرافی میچز پاکستان کے ساتھ کسی اور ملک میں کرانے پر اضافی بجٹ کا بھی ذکر ہے،گذشتہ برس ایشیا کپ کیلئے بھی بھارتی ٹیم نے پاکستان آنے سے انکار کر دیا تھا جس پر اس کے میچز سری لنکا میں ہوئے تھے، البتہ پی سی بی اس بار واضح کر چکا کہ ہائبرڈ ماڈل قبول نہیں اور مکمل ایونٹ پاکستانی میدانوں پر ہی ہوگا۔ چیئرمین محسن نقوی ان دنوں کولمبو میں ہی ہیں،ذرائع کے مطابق میٹنگز کی سائیڈ لائنز پر ان کی بھارتی کرکٹ بورڈ چیف جے شاہ سے ملاقات ہوگی، وہ انہیں ٹیم کو پاکستان بھیجنے پر قائل کرنے کی کوشش کریں گے، البتہ پی سی بی بھی جانتا ہے کہ یہ فیصلہ بی سی سی آئی نہیں بھارتی حکومت ہی کرے گی۔ ذرائع کے مطابق سری لنکا روانگی سے قبل پی سی بی کے اعلیٰ حکام نے بھارت کو آئندہ برس کسی نیوٹرل وینیو پر ٹی ٹوئنٹی سیریز کی دعوت دینے پر اتفاق کر لیا ہے، محسن نقوی اس حوالے سے جے شاہ سے بات کریں گے، چیمپئنز ٹرافی کے بعد دونوں ٹیموں کی فراغت کے دنوں میں میچز کا انعقاد ممکن ہو سکتا ہے۔