مریم نواز کا مشن خوشحال ، روشن اور ترقی کرتا پنجاب ہے: عظمیٰ بخاری

07-20-2024

(لاہور نیوز) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ مریم نواز کا مشن خوشحال پنجاب، روشن پنجاب اور ترقی کرتا پنجاب ہے۔

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ تنقید کرنے والے مریم نواز سے کارکردگی میں مقابلہ کریں، زبان درازی،خیالی پلاؤ اور فلسفے جھاڑنے میں تحریک انصاف کا متبادل کوئی نہیں ہو سکتا، مریم نواز کی حکومت کی فکر کرنے کی بجائے انتشاری ٹولہ اپنی خیر منائے۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام کو 11 سال سے سونامی، تبدیلی اور نئے پاکستان کے نام پر جھانسے دیئے جا رہے ہیں، تعلیم، صحت، انفراسٹرکچر اور روزگار تحریک انصاف کی کبھی ترجیح نہیں رہی، پاکستان میں 9 مئی کے فسادیوں اور دہشت گردوں کے لئے سیاست میں کوئی جگہ نہیں ہے۔ عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ جو جماعت پاکستان کی سالمیت اور خود مختاری کے لئے خطرہ بن چکی ہے اس کا وجود ہی ناقابل برداشت ہے، شہداء کے مجسمے جلانے والے کس منہ سے خود کو محب وطن کہتے ہیں؟ حب الوطنی کا پہلا اور بنیادی فریضہ اپنے شہداء اور غازیوں کی عزت اور تکریم کرنا ہے۔