مریم اورنگزیب کی زیر صدارت اجلاس، سوشل اکنامک رجسٹری پرپیشرفت کا جائزہ
07-19-2024
(لاہور نیوز) پنجاب کی سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں "پنجاب سوشل اکنامک رجسٹری" پر پیشرفت کاجائزہ لیاگیا۔
اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ صوبہ بھر میں یونین کونسلز میں 5 ہزار رجسٹریشن سنٹرز قائم کیے گئے ہیں، پنجاب سوشل اکنامک رجسٹری میں اب تک تقریباً 2 لاکھ 68 ہزار 337 رجسٹریشنز کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب سوشل اکنامک رجسٹری کے وضع کردہ طریقہ کارسے متعلق ڈویژن کی سطح پر سٹاف کوایک ہفتے میں ٹریننگ کرائی گئی ہے۔ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عوام پنجاب سوشل اکنامک رجسٹری میں رجسٹر ہو کر ہمت کارڈ،کسان کارڈ،لیپ ٹاپ، سکالرشپ پروگرام، مویشی کارڈ، سولر پینل سکیم، ٹریکٹر سکیم اور رمضان پیکیج حاصل کرسکتے ہیں، اس سسٹم سے عوام بلاتفریق وزیراعلیٰ پنجاب کے پیکجز سے مستفید ہوسکیں گے۔ سینئر صوبائی وزیر نے پنجاب سوشل اکنامک رجسٹری بارے تمام پلیٹ فارمز پر بھرپور مہم چلانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز جلد عوام کے لیے پنجاب سوشل اکنامک رجسٹری کا باضابطہ افتتاح کریں گی۔