پٹرولیم قیمتوں میں اضافے کیخلاف درخواست پر حکومت سے جواب طلب

07-19-2024

(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے ‏حالیہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف دراخواست پر وفاقی حکومت سے جواب طلب کر لیا۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے جوڈیشل ایکٹوازم پینل کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار کی جانب سے اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے دلائل پیش کیے۔ وکیل درخواست گزار نے مؤقف اپنایا کہ‏ بجلی اور پٹرول عوام کی پہنچ سے دور ہو چکے ہیں، پٹرول کی قیمتیں بڑھنے سے مہنگائی میں مزید اضافہ ہو گیا ہے، حکومت بغیر کسی وجہ کے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر دیتی ہے۔ اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں عالمی مارکیٹ کے مطابق اضافہ کیا گیا ہے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ وفاقی حکومت ریکارڈ پر لائے پٹرول کی قیمت کس طرح مقرر کی جاتی ہے؟ پٹرولیم کی قیمتیں بڑھانے کا طریقہ کار واضح کیا جائے۔ بعدازاں عدالت عالیہ نے پٹرولیم منصوعات کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف جوڈیشل ایکٹوازم پینل کی درخواست پر حکومت سےجواب طلب کرتےہوئے کیس کی سماعت ملتوی کردی۔