ورلڈ جونیئر ٹیم اسکواش چیمپئن شپ میں پاکستان کا کامیاب آغاز
07-19-2024
(ویب ڈیسک) ورلڈ جونیئر ٹیم اسکواش چیمپئن شپ میں پاکستان نے کامیاب آغاز کیا ہے۔
ہیوسٹن میں جاری ایونٹ میں ٹیم چیمپئن شپ کے پہلے میچ میں پاکستان نے جرمنی کو 1-2 سے ہرا دیا۔ پاکستان کی جانب سے عبداللہ نواز اور حذیفہ ابراہیم نے اپنے میچز جیت لیے۔ عبداللہ نواز نے آسکر ہیکر کو 7-11، 2-11 اور 4-11 سے شکست دی جبکہ حذیفہ ابراہیم نے اپنے میچ میں فیبیان اگلبرک کو 1-11، 9-11 اور 8-11 سے ہرایا۔ اس کے علاوہ حمزہ خان ٹیم کے میچ میں مقابلہ 1-1 گیم برابر کرنے کے بعد ریٹائرڈ ہوگئے۔انہوں نے فن لینارٹ کے خلاف پہلا گیم جیتا جبکہ دوسرے گیم میں شکست ہوئی اور تیسرے میں ریٹائرڈ ہوگئے۔ واضح رہے کہ ورلڈ جونیئر چیمپئن شپ میں پاکستان اسکواش ٹیم اپنا دوسرا گرپ میچ کل نیوزی لینڈ سے کھیلے گی۔