سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اڈیالہ سے کوٹ لکھپت جیل منتقل
07-19-2024
(لاہور نیوز) تحریک انصاف کے سینئر رہنما شاہ محمود قریشی کو اڈیالہ جیل سے کوٹ لکھپت جیل لاہور منتقل کر دیا گیا۔
جیل ذرائع کے مطابق سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو گزشتہ روز علی الصبح اڈیالہ جیل سے سخت سکیورٹی میں لاہور کیلئے روانہ کیا گیا، تحریک انصاف کے سینئر رہنما کو انسداد دہشتگردی عدالت میں پیشی کیلئے لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں منتقل کیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ شاہ محمود قریشی کیخلاف لاہور میں 9 مئی سے متعلق مقدمات زیر سماعت ہیں، انسداد دہشتگردی عدالت میں پیشی کے بعد شاہ محمود قریشی کو واپس اڈیالہ جیل منتقل کیا جائے گا، 15 جولائی کو عدالت نے تھانہ شادمان جلانے کے مقدمے میں سابق وزریر خارجہ پر فرد جرم عائد کی تھی۔ انسداد دہشت گردی عدالت لاہور کے جج خالد ارشد نے کوٹ لکھپت جیل لاہور میں کیس کی سماعت کی تھی، رہنما پی ٹی آئی نے صحت جرم سے انکار کیا، عدالت نے آئندہ سماعت پر گواہان کو طلب کرتے ہوئے سماعت 22 جولائی تک ملتوی کر دی تھی۔