صنم جاوید کی بازیابی کیلئے دائر درخواست نمٹانے کا تحریری فیصلہ جاری

07-18-2024

(لاہور نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے صنم جاوید کی بازیابی کیلئے دائر درخواست نمٹانے کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے تحریری فیصلہ جاری کیا، فیصلے کے مطابق اٹارنی جنرل کی جانب سے بتایا گیا کہ صنم جاوید کو کسی بھی مقدمے میں گرفتار نہیں کیا جائے گا، اٹارنی جنرل کے مطابق بلوچستان پولیس بھی راہداری ریمانڈ کیلئے عدالت سے رجوع نہیں کرے گی۔ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ اٹارنی جنرل کے مطابق صنم جاوید پنجاب میں اپنے گھر جانے کیلئے آزاد ہیں، درخواست گزار کی جانب سے اٹارنی جنرل کی یقین دہانیوں پر اطمینان کا اظہار کیا گیا ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کے مطابق صنم جاوید کی بازیابی کیلئے دائر درخواست نمٹائی جاتی ہے، صنم جاوید کو سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے انتہائی محتاط رویہ اختیار کرنا چاہئے۔