پاکستان کی آبادی 2050 تک دوگنا ہونے کا خدشہ

07-18-2024

(لاہور نیوز) پاکستان میں آبادی کے بڑھنے کی شرح دنیا سمیت خطے میں سب سے زیادہ ریکارڈ کی گئی ہے۔

ساتویں مردم شماری پر ادارہ شماریات کیجانب سے رپورٹ جاری کر دی گئی۔ ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق موجودہ شرح ریٹ کے حساب سے 2050 تک پاکستان کی آبادی دوگنا ہونے کا خدشہ ہے،  2017 کے بعد سب سے زیادہ آبادی میں اضافہ 2023 میں ریکارڈ کیا گیا۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں 21 لاکھ 26 ہزار 79 افغانی، بنگالی، چائنیز اور دیگر ممالک کے لوگ رہائش پذیر ہیں، پاکستان میں 87 لاکھ ہندو، عیسائی، قادیانی و دیگر مذہب کے لوگ آباد ہیں۔ رپورٹ کے مطابق 5 سے 16 سال تک کے 2 کروڑ 53 لاکھ 70 ہزار بچے سکولوں سے باہر ہیں،  پاکستان میں کل آبادی کا 3.10 فیصد معذور ہیں جن میں 3.30 فیصد مرد جبکہ 2.88 فیصد خواتین معذور ہیں، پاکستان میں 61 فیصد لٹریسی ریٹ ریکارڈ ہوا جس میں 68 فیصد مرد اور 53 فیصد خواتین پڑھی لکھی ہیں۔  ادارہ شماریات کی رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ پنجاب میں 96 لاکھ اور سندھ میں 78 لاکھ بچے سکولوں سے باہر ہیں، خیبرپختونخوا میں 49 لاکھ جبکہ بلوچستان میں 50 لاکھ سے زائد بچے سکول جانے سے قاصر ہیں۔