پی ٹی آئی اور سنی اتحاد کونسل کی پارلیمانی پارٹی کا مشترکہ اجلاس، اہم امور پر مشاورت

07-18-2024

(ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور سنی اتحاد کونسل کی پارلیمانی پارٹی کا مشترکہ اجلاس اختتام پذیر ہوگیا۔

ذرائع نے بتایا کہ پارلیمانی پارٹی کا اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا جس میں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان، اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب خان، شبلی فراز، صاحبزادہ حامد رضا اور شیخ وقاص اکرم، اسد قیصر  شریک تھے۔ اجلاس میں علی محمد خان، عاطف خان، شاندانہ گلزار، عون عباس بپی، محسن عزیز، فیصل سلیم، ہمایوں مہمند و دیگر بھی اجلاس میں موجود تھے۔ ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں سپریم کورٹ کے مخصوص نشستوں کے فیصلے پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں چار نکات پر گفتگو اور تمام ارکان پارلیمنٹ کی رائے لی گئی۔ اجلاس کے بعد تحریک انصاف و سنی اتحاد کونسل کے ارکان پارلیمنٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کیلئے احتجاجی مارچ کیا، مارچ میں بیرسٹر گوہر، عمر ایوب، اسد قیصر، زرتاج گل ، حامد رضا اور راجا ناصر عباس شریک ہوئے۔ قبل ازیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ ایڈہاک ججز کا مقصد سپریم کورٹ کے فیصلے پر اثر انداز ہونا ہے، پی ٹی آئی پر پابندی کے حکومتی فیصلے کا جواب دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی طاقت کے سامنے کوئی چیز نہیں ٹھہر سکتی، تحریک انصاف ہوگی اور اسی ایوان میں ہوگی۔