بجلی کی فی یونٹ اصل قیمت کیا ہے؟ گوہراعجاز اور اویس لغاری آمنے سامنے

07-18-2024

(ویب ڈیسک) سابق نگران وفاقی وزیر گوہراعجازعوام کیلئے مہنگی بجلی کے ظلم پر اہم حقائق سامنے لے آئے، ان کا کہنا ہے کہ 35 روپے یونٹ والی بجلی 60 روپے میں بیچی جارہی ہے جبکہ وزیرتوانائی اویس لغاری نے گوہراعجاز کو لاعلم قرار دے دیا۔

آئی پی پیز معاہدوں کی وجہ سے عوام کیلئے بجلی مہنگی ہونے کے معاملے پر سابق نگران حکومت کے وفاقی وزیر گوہر اعجاز اور موجودہ وزیر توانائی اویس لغاری سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر آمنے سامنے آگئے۔ گوہر اعجاز  کا کہنا ہے کیپسٹی چارجز اور فیول کاسٹ ملاکر پیداواری لاگت  35 روپے فی یونٹ پڑتی ہے جبکہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیاں عوام کو  60 روپے فی یونٹ فروخت کررہی ہیں، حکومت پاورپلانٹس اور ڈسکوز چلانے کیلئے نااہل ہے، آئی پی پیز کو سالانہ 2000 ارب فضول میں دیے جا رہے ہیں، جس کی وصولی عوام سے کی جا رہی ہے۔ وزیرتوانائی اویس لغاری نے گوہر اعجاز کو لاعلم  اور بے خبر سابق نگران وزیر قرار دے دیا۔  ان کا کہنا ہے کہ ہم آئی پی پیز سے بجلی معاہدوں پر یکطرفہ کارروائی نہیں کرسکتے، ریاست نے آئی پی پیز معاہدوں پر گارنٹی دے رکھی ہے، ہم خسارے والی پاور کمپنیوں اور اداروں کی نجکاری کی طرف جا رہے ہیں، آئی پی پیز کے ساتھ معاہدوں پر نظرثانی اور کنٹریکٹ آڈٹ کے احکامات پہلے ہی جاری کردیئے ہیں۔