الیکشن ترمیمی ایکٹ کیخلاف درخواست پر فریقین کو نوٹسز،جواب طلب

07-18-2024

(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے ریٹائرڈ ججز کو بطور الیکشن ٹریبونل تعینات کرنے والے الیکشن ترمیمی ایکٹ کے خلاف دائر درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے شہری منیر حسین کی درخواست پر سماعت کی،  درخواست گزار کی جانب سے اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے دلائل دیئے۔ درخواست گزارکی جانب سے مؤقف اپنایا گیا کہ  ایک سیاسی جماعت کو ٹارگٹ کرنے کے لیے ترمیمی ایکٹ منظور کیا گیا، اسی نوعیت کا معاملہ لاہور ہائیکورٹ سمیت دیگر عدالتوں میں زیر سماعت ہے۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت الیکشن ترمیمی ایکٹ 2024 کو غیر قانونی قرار دے، لاہور ہائیکورٹ   پرانے ٹریبونل بحال کرنے کا حکم دے۔  دوران سماعت وکیل درخواست گزار نے کہا کہ الیکشن ترمیمی ایکٹ کا اطلاق ماضی سے نہیں ہو سکتا، ایکٹ کے تحت بننے والے ٹریبونلز پر حکم امتناعی جاری کیا جائے۔ بعدازاں  عدالت نے ریٹائرڈ ججز کو بطور الیکشن ٹریبونل تعینات کرنے والے الیکشن ترمیمی ایکٹ کے خلاف دائر درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔