لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش، گرمی کی شدت میں کمی

07-18-2024

(لاہور نیوز) لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش اور ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے گرمی کی شدت میں کمی آگئی۔

صوبائی دارالحکومت لاہور کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی اور ٹھنڈی ہوا چلنے سے موسم خوشگوار ہوگیا ، شہر کے افق پر بادل چھا جانے سے دن میں رات کا سماں دکھائی دینے لگا۔ موسم کا احوال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ لاہور میں بارش برسانے والا سسٹم آج شام سے مکمل فعال ہو جائے گا، آج سے 21 جولائی تک مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔ پنجاب کے دیگر شہروں گجرات، راولپنڈی، حافظ آباد، جہلم میں طوفانی بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے، شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ محکمہ موسمیات نے اسلام آباد، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان میں بادل برسنے کی پیش گوئی کی ہے، موسلاد ھار بارش سے خیبرپختونخوا مری، گلیات اور کشمیر میں لینڈسلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔ ادھر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک بھر میں 21 جولائی تک موسلادھار بارشوں کے پیش نظر فلیش فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ کشمیر، اسلام آباد، راولپنڈی، چکوال، جہلم، گوجرانوالہ اور سیالکوٹ میں 50 ملی میٹر سے زیادہ بارش ہونے کا امکان ہے جس کے باعث مقامی ندی نالوں میں درمیانے درجے کی فلیش فلڈنگ ہوسکتی ہے، فلیش فلڈنگ ذرائع آمدورفت میں خلل، عمارتوں، فصلوں اور مویشوں کو نقصان کا سبب بن سکتی ہے۔ این ڈی ایم اے نے صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز اور مقامی انتظامیہ کو چوکس رہنے کی ہدایت کی ہے۔ حکام نے عوام الناس کو تاکید کی ہے کہ گھروں میں نکاسی آب یقینی بنائیں اور اربن فلڈنگ سے نمٹنے کیلئے پیشگی اقدامات کریں، مسافر و سیاح لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے سے دو چار علاقوں میں سفر کرتے ہوئے احتیاط برتیں۔