مریم نواز کی قیادت میں پنجاب پولیس نے فول پروف سکیورٹی انتظامات یقینی بنائے: آئی جی پنجاب

07-18-2024

( لاہور نیوز) آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے عشرہ محرم الحرام کے دوران سکیورٹی کے بہترین انتظامات پر پولیس فورس کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ پولیس نے صوبہ بھر میں فول پروف انتظامات یقینی بنائے۔

تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر عثمان انور مرکزی عزاداری جلوس میں دوران ڈیوٹی زخمی ہونے والے ایس پی سٹی قاضی علی رضا اور ان کے آپریٹر کی عیادت کرنے میو ہسپتال پہنچ گئے، اے ایس پی شاہدرہ سرکل احسان شاہ سمیت سینئر افسران آئی جی پنجاب کے ہمراہ تھے۔ ڈاکٹر عثمان انور نے میو ہسپتال میں زیر علاج ایس پی سٹی کیپٹن (ر) قاضی علی رضا اور ان کے آپریٹر محمد سہیل کی خیریت دریافت کی اور جلد صحتیابی کیلئے دعا کی، آئی جی نے دونوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی۔ آئی جی پنجاب نے مزید کہا ہے کہ ایس پی سٹی قاضی علی رضا نے عاشورہ محرم الحرام کے دوران بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا، پنجاب پولیس کو ایسے بہادر اور فرض شناس افسران پر فخر ہے۔ ڈاکٹر عثمان انور کہا کہ وزیر اعلٰی پنجاب مریم نواز کی قیادت میں پولیس نے صوبہ بھر میں فول پروف سکیورٹی انتظامات یقینی بنائے، کابینہ کمیٹی برائے لا اینڈ آرڈر، اراکین امن کمیٹیوں، منتظمین عزاداری جلوس و مجالس، کمیونٹی لیڈرز نے پنجاب پولیس کو بھرپور معاونت فراہم کی۔ آئی جی نے کہا کہ پولیس نے عشرہ محرم الحرام کے دوران 38 ہزار سے زائد مجالس، 10700 عزاداری جلوسوں کو بھرپور سکیورٹی فراہم کی، عشرہ محرم الحرام کے مقدس پروگراموں کی سکیورٹی یقینی بنانے میں پاک فوج، رینجرز، سکیورٹی ایجنسیز کا مکمل تعاون حاصل رہا۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ سی سی پی او اور ڈی آئی جی آپریشنز لاہور، تمام آر پی اوز، سی پی اوز، ڈی پی اوز، ٹریفک افسران کی کارکردگی شاندار رہی، صوبائی دارالحکومت سمیت پنجاب بھر میں حالات مجموعی طور پرامن رہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ جانفشانی سے فرائض سر انجام دینے پر پنجاب پولیس کے تمام فیلڈ یونٹس تحسین کے مستحق ہیں، شہریوں، مختلف مکاتبِ فکر کے علماء کرام، سکیورٹی اداروں اور میڈیا کے بھرپور تعاون پر شکر گزار ہیں، عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے افسران و اہلکار مستقبل میں بھی اسی جذبے کیساتھ کام جاری رکھیں۔