کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کا لاہور ڈویژن میں جلوسوں کے روٹس کا فضائی جائزہ
07-17-2024
(لاہور نیوز) کابینہ کمیٹی برائے امن و امان نے لاہور ڈویژن کے مرکزی جلوسوں کے روٹس کا فضائی جائزہ لیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر کابینہ کمیٹی نے لاہور اور شیخوپورہ کے جلوس روٹس کا فضائی جائزہ لیا۔ وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی خواجہ سلمان رفیق کی سربراہی میں وزیر خوراک بلال یاسین، وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمان نےلاہور اور شیخوپورہ میں سکیورٹی انتظامات کا مشاہدہ کیا۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ ذوالفقار حمید، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی وسیم سیال بھی کابینہ کمیٹی کے ہمراہ تھے۔ کمیٹی نے اندرون لاہور، داتا دربار، کربلا گامے شاہ سے جلوس کے روٹ کا فضائی معائنہ کیا، اس کے بعد شیخوپورہ میں جلوس کے روٹس اور شہر کی سکیورٹی کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کمیٹی سربراہ خواجہ سلمان رفیق کا کہنا تھا کہ جلوسوں کے تمام شرکاء کی بحفاظت واپسی تک فیلڈ میں موجود رہیں گے، لاہور سمیت پنجاب بھر میں عاشورہ پُرامن انداز میں گزار رہے ہیں، مذہبی ہم آہنگی کی فضا برقرار رکھنے میں تمام مکاتب فکر کا مثبت کردار ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کابینہ کمیٹی نے بہترین انتظامات یقینی بنانے کیلئے پورا عشرہ محرم فیلڈ میں گزارا، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ان تھک محنت سے پنجاب میں امن کی فضا قائم ہے۔