سونیا حسین نے سمیع خان کے ساتھ کام کرنے کی وجہ بتا دی
07-17-2024
(ویب ڈیسک) معروف پاکستانی اداکارہ سونیا حسین نے اداکار سمیع خان کے ساتھ کام کرنے کے راز سے پردہ اٹھا دیا۔
گزشتہ دنوں اداکارہ سونیا حسین نے نجی خبررساں ادارے کو ایک انٹرویو دیا جس میں انہوں نے کیریئر، ساتھی اداکاروں سمیت مختلف موضوعات پر کھل کر گفتگو کی۔ انٹرویو کے دوران میزبان نے اداکارہ سے سوال کیا کہ وہ سمیع خان کے ساتھ سب سے زیادہ کام کیوں کرتی ہیں؟ سوال کے جواب میں سونیا حسین نے بتایا کہ اکثر لوگ مجھ سے یہ سوال کرتے ہیں کہ میں زیادہ تر ڈراموں میں زاہد احمد اور سمیع خان کے ساتھ ہی کیوں نظر آتی ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ جب مجھے کسی ڈرامے کی پیشکش ہوتی ہے تو میں سب سے پہلے ڈرامے کی کاسٹ کے بارے میں پوچھتی ہوں اور اگر میرے سامنے زاہد احمد یا سمیع خان کا نام آجاتا ہے تو میں فوراً ڈرامے کے لیے ہاں کردیتی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ان دونوں اداکاروں کے ساتھ مطمئن محسوس کرتی ہوں اور ان کے ساتھ شوٹنگ کے سیٹ پر بھی گھر جیسا ماحول ہی محسوس ہوتا ہے۔ اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ سمیع خان اور زاہد احمد بہترین اداکار ہونے کے ساتھ ساتھ بہت اچھے انسان بھی ہیں اور دونوں کے ساتھ ہی میری کافی اچھی انڈرسٹینڈنگ ہے۔