عاشورہ: ڈبل سواری پر پابندی کی خلاف ورزی،ایک ہزار سے زائد موٹر سائیکلز بند

07-17-2024

(ویب ڈیسک) صوبائی دارالحکومت لاہور میں عاشورہ کے موقع پر ڈبل سواری پر پابندی کی خلاف ورزی کرنے والوں کو پولیس نے دھر لیا۔

لاہور میں آٹھویں اور نویں محرم الحرام کو ڈبل سواری پر پابندی کی خلاف ورزی پر ٹریفک پولیس  نے 8 ہزار 217 موٹر سائیکل سواروں کے خلاف کارروائی کی، پابندی کی خلاف ورزی پر ایک ہزار 135 موٹرسائیکلوں کو مختلف تھانوں میں بند کیا گیا۔ حکام کے مطابق صدر ڈویژن میں سب سے زیادہ 4 ہزار82 موٹرسائیکل سواروں  کو خلاف ورزی پرچالان ٹکٹس جاری کیے گئے جبکہ 272موٹرسائیکلیں بند کی گئیں، سٹی ڈویژن میں 3 ہزار68 موٹرسائیکل سواروں کے چالان جبکہ729 موٹرسائیکلیں بند کی گئیں۔ اسی طرح کینٹ ڈویژن میں ایک ہزار 67 موٹرسائیکل سواروں کو چالان ٹکٹ جاری کیے گئے جبکہ 134موٹرسائیکلیں تھانوں میں بند کی گئیں۔ چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہور عمارہ اطہر کا کہنا ہے کہ لاہور شہر خصوصاً جلوسوں کے روٹس اور گرد و نواح میں ڈبل سواری کی قطعی اجازت نہیں ہے، ڈویژنل افسران پابندی کی خلاف ورزی کرنے والوں  کیخلاف اپنی نگرانی میں کریک ڈاؤن کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سلسلے میں زیرو ٹالرنس پالیسی پر مکمل عمل کیا جائے، شہری حکومتی احکامات کی پاسداری کریں اور قانون پر عمل کر کے مہذب شہری ہونے کا ثبوت دیں۔