ایف آئی اے نے لاہور سے لاپتہ 2بچوں کو اسلام آباد ایئرپورٹ سے تحویل میں لے لیا
07-17-2024
(لاہور نیوز) ایف آئی اے این سی بی انٹرپول نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے لاہور سے لاپتہ دو بچوں کو تحویل میں لے لیا۔
لاپتہ بچوں کوبشکیک سے پاکستان پہنچنے پر تحویل میں لیا گیا، بچوں کی تلاش آئی بی ایم ایس سسٹم کے ساتھ ہوائی اڈوں پر نئے انٹرپول سسٹم کے ذریعے کی گئی، بچوں کی گمشدگی کا مقدمہ سال 2022 میں تھانہ برکی لاہور میں درج کیا گیا تھا۔ انٹرپول پاکستان نے بچوں کی گمشدگی کے حوالے سے ییلو نوٹسز جاری کئے تھے، بچوں کی شناخت محمد حذیفہ اور احمد عمیس عابد کے نام سے ہوئی ہے، نئے سسٹم کو امیگریشن ڈیٹابیس اور انٹرپول کے ڈیٹا بیس سے منسلک کیا گیا ہے۔ ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ نئے سسٹم کی بدولت گمشدہ بچوں، چوری شدہ پاسپورٹس اور سنگین جرائم میں مطلوب ملزمان کو پاکستان پہنچنے پر گرفتار کیا جا سکے گا، امیگریشن اسلام آباد نے بچوں کو متعلقہ پولیس کے حوالے کر دیا۔