صوبائی وزرا کا محکمہ داخلہ کے سنٹرل کنٹرول روم کا دورہ، عاشورہ سکیورٹی کا جائزہ

07-17-2024

(لاہور نیوز) کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کے ارکان نے محکمہ داخلہ کے سنٹرل کنٹرول روم کا دورہ کیا اور عاشورہ سکیورٹی کی لائیو مانیٹرنگ کا مشاہدہ کیا۔

وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق، وزیر خوراک بلال یاسین، وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمان دورہ کرنے والوں میں شامل تھے، ارکان نے محکمہ داخلہ کے کنٹرول روم سے صوبہ بھر میں مرکزی جلوسوں کی لائیو مانیٹرنگ کی، سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل نے صوبہ بھر میں موجودہ صورتحال بارے بریفنگ دی۔ اس موقع پر  چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر پورا عشرہ محرم انتظامات کی نگرانی کرتے ہوئے فیلڈ میں گزارا، امن و امان کے قیام کیلئے تمام انتطامیہ اور پولیس فیلڈ میں ایکٹو ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ تمام اضلاع کیلئے پیغام ہے محکمہ داخلہ کے جاری کردہ ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد یقینی بنائیں، پنجاب کابینہ کے وزراء تمام اضلاع میں جاکر انتظامات کی نگرانی کر رہے ہیں۔ سیکرٹری داخلہ نے وفد کو بتایا کہ پنجاب میں 10 محرم کو 3023 جلوس اور 2353 مجالس منعقد  ہو رہی ہیں، تمام مجالس اور جلوسوں کو کیٹیگری اے، بی اور سی کے اعتبار سے مانیٹر کر رہے ہیں، پنجاب بھر کی مجالس اور جلوسوں کی میپ پر جیو ٹیگنگ کی گئی ہے ،تمام مقامات کو جدید کیمروں سے سینٹرل کنٹرول روم میں مانیٹر کیا جا رہا ہے۔ ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ، ایڈیشنل سیکرٹری انٹرنل سکیورٹی اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔