یوم عاشور: سیف سٹی کیمروں سے عزاداری جلوسوں و مجالس کی مانیٹرنگ

07-17-2024

(لاہور نیوز)صوبائی دارالحکومت لاہور میں سیف سٹی کیمروں سے دسویں محرم الحرام کے عزاداری جلوسوں و مجالس کی مانیٹرنگ کا عمل جاری ہے۔

ترجمان سیف سٹی اتھارٹی کے مطابق تمام ضروری مقامات کو اضافی پورٹ ایبل کیمروں کے ذریعے کوور کیا گیا ہے،سیف سٹی ہیڈکوارٹر میں پولیس کمیونی کیشن افسران اور ٹیکنیکل ٹیمیں 24 گھنٹے ڈیوٹی سرانجام دے رہی ہیں۔ اتھارٹی ترجمان نے بتایا کہ شہر بھر میں مجالس،جلوسوں اور امام بارگاہوں کی مکمل کوریج کیلئے ایک ہزار سے زائد کیمرے 24 گھنٹے فعال ہیں، جلوس کے راستوں پر سیف سٹی کی موبائل کمانڈ وہیکل سے بھی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے، لاہور پولیس سمیت قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے نمائندے بھی سیف سٹی سینٹر میں ڈیوٹی دے رہے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ  سیف سٹی ہیڈکوارٹر سے ننکانہ ، قصور ،فیصل آباد ،گوجرانوالہ اور راولپنڈی میں جاری جلوسوں کی بھی مانیٹرنگ کی جارہی ہے، شہری اپنے اردگرد مشکوک سرگرمیوں پر نظر رکھیں اور کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں 15 پر اطلاع دیں۔