یوم عاشور: لاہور میں 15 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار تعینات

07-17-2024

(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت سمیت صوبہ بھر میں عزاداری جلوس سخت سکیورٹی حصار میں اپنے روایتی راستوں پر رواں دواں ہیں، لاہور سمیت صوبہ بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ ہے، حساس مقامات پر اضافی نفری تعینات کی گئی ہے۔

ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ پنجاب پولیس کے 01 لاکھ 25 ہزار سے زائد افسران و اہلکار عزاداری جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی پر تعینات ہیں۔ آئی جی پنجاب کا کہنا ہے کہ لاہور میں 15 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار عزاداری جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی کے فرائض انجام دے رہے ہیں، علماء کرام، کمیونٹی لیڈرز، سکیورٹی ایجنسیز و اداروں کے تعاون سے یوم عاشور کا پرامن انعقاد یقینی بنائیں گے، یوم عاشور پر صوبہ بھر میں 2730 عزاداری جلوس برآمد، 2500 سے زائد مجالس منعقد ہو رہی ہیں۔ اے کیٹیگری کے 415، بی کیٹیگری کے 591، سی کیٹیگری کے 1724 عزاداری جلوس شامل ہیں ، اے کیٹیگری کی 293، بی کیٹیگری کی 589، سی کیٹیگری کی 1762 مجالس شامل ہیں۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق صوبائی دارالحکومت میں یوم عاشور پر 46 عزاداری جلوس برآمد، 227 مجالس منعقد ہو رہی ہیں، سی ٹی ڈی کے 700، سپیشل برانچ کے 1500، ٹریفک پولیس کے 5572 اہلکار، 32104 والنٹیرز یوم عاشور سکیورٹی انتظامات پر مامور ہیں۔ آئی جی پنجاب کا کہنا ہے کہ پرامن یوم عاشور اور محرم الحرام یقینی بنانے کے لئے پنجاب پولیس کو پاکستان آرمی اور رینجرز کی معاونت بھی حاصل ہے، دفعہ 144 کے نفاذ سمیت تمام حکومتی ایس او پیز پر من و عن عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔  ڈاکٹر عثمان انور نے ہدایت کی ہے کہ سپیشل برانچ، سی ٹی ڈی سمیت تمام پولیس یونٹس شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھیں، خواتین عزاداروں کی سکیورٹی کیلئے لیڈیز پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے، سیف سٹیز اتھارٹی کے کیمروں سے عزاداری جلوسوں اور مجالس کی مسلسل مانیٹرنگ جاری ہے، آر پی اوز ، سی پی اوز، ڈی پی اوز فیلڈ میں موجود ہیں، یوم عاشور کے سکیورٹی انتظامات کی مانیٹرنگ کر رہے ہیں، شہری بین المسالک ہم آہنگی، رواداری اور برداشت کے رویوں کو فروغ دیں۔