لاہور میں گیس سلنڈر پھٹنے سے خوفناک دھماکا، 13 افراد شدید زخمی

07-17-2024

(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور میں گیس سلنڈر پھٹنے سے خوفناک دھماکا ہو گیا جس کے نتیجے میں 13 افراد شدید زخمی ہوئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق سلنڈر پھٹنے کا افسوسناک واقعہ لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن کے علم دین چوک میں پیش آیا جہاں گیس کی دکان میں سلنڈر ری فل کیا جا رہا تھا کہ اچانک زور دار دھماکا ہو گیا، حادثے کے نتیجے میں دکان اور اس کے ارد گرد موجود 13 افراد شدید زخمی ہو گئے۔ حادثے کے بعد ریسکیو اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور زخمیوں کو فوری طور پر جناح ہسپتال منتقل کر دیا جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے، زخمی ہونے والوں میں کئی کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے، پولیس نے بھی جائے وقوعہ پر پہنچ کر قانونی کارروائی شروع کر دی۔