مریم اورنگزیب کا ہوم ڈیپارٹمنٹ میں قائم کنٹرول روم کا دورہ، سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا

07-16-2024

(ویب ڈیسک) سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے ہوم ڈیپارٹمنٹ میں قائم کنٹرول روم کا اچانک دورہ کیا اور عاشورہ سے متعلق کئے گئے سکیورٹی انتظامات کی مانیٹرنگ کا جائزہ لیا۔

سینئر صوبائی وزیر نے سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے صوبے میں خصوصاً اندرون شہر لاہور میں عزاداری جلوسوں، ملحقہ عمارتوں اور روٹس پر لا اینڈ آرڈر کے نفاذ کو چیک کیا اور ہدایات جاری کیں۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز صوبے میں قیام امن اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے پرعزم ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب صوبہ بھر میں سکیورٹی انتظامات کی خود نگرانی کر رہی ہیں۔ سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ 3 ہزار 957 جلوس اور 1721 مجالس کی بذریعہ آرٹیفیشل انٹیلی جنس مانیٹرنگ کی جا رہی ہے، انہوں نے نویں اور دسویں محرم الحرام پر سکیورٹی فول پروف بنانے کیلئے انتظامیہ اور پولیس کو الرٹ رہنے کی ہدایت بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر میں 7 ہزار 600 سی سی ٹی وی کیمروں سے جلوسوں کی نگرانی کی گئی، کنٹرول روم سے روٹس پر نکاسی آب سے متعلق میکانزم بھی موجود ہے، محرم الحرام میں سکیورٹی کو فول پروف بنانے کے لئے مریم نواز کی ہدایات پر عمل کو یقینی بنایا جائے۔