لاہور میں 9 ویں محرم الحرام کا مرکزی جلوس اختتام پذیر
07-16-2024
(لاہور نیوز) نواسہ رسول حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں کی یاد میں لاہور میں 9 ویں محرم الحرام کا مرکزی جلوس اختتام پذیر ہو گیا۔
مرکزی جلوس پانڈو سٹریٹ اسلام پورہ سے برآمد ہوا جو خیمہ سادات میں نماز مغربین ادا کرنے اور مجلس کے بعد واپس اپنے روایتی راستے سے ہوتا ہوا پانڈو سٹریٹ پہنچ کر اختتام پذیر ہو گیا۔ جلوس کے راستوں پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے، علاقے میں واک تھرو گیٹس لگائے گئے جبکہ خار دار تاریں، کنٹینر اور بیریئر لگا کر جلوس کی آمد گاہ اور راستے کو سیل کیا گیا۔ علاوہ ازیں کراچی، پشاور، کوئٹہ، راولپنڈی سمیت دیگر چھوٹے بڑے شہروں میں جلوسوں، مجالس اور عزاداری کا سلسلہ جاری رہا، عزاداروں کی جانب سے نوحہ خوانی اور سینہ کوبی بھی کی گئی، جلوس کے راستوں پر عزاداروں کے لئے سبیلوں اور لنگر حسینی کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔ اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے، سکیورٹی خدشات کے پیش نظر مختلف شہروں میں جلوس کے راستوں پر موبائل فون سروس بھی جزوی طور پر معطل رہی۔